جکارتہ اجلاس فلسطینی کاز کی حمایت کے لئے اچھا موقع ہے: جواد ظریف
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی سربراہی اجلاس کو فلسطینی کاز کی حمایت کے لئے ایک اچھا موقع قرار دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف نے، کہ جو جکارتہ گئے ہیں، انڈونیشیا کے مٹرو ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جکارتہ اجلاس میں فلسطین اور قدس شریف کے مسئلے کی راہ حل تلاش کرنے کے سلسلے میں دوسرے ممالک خصوصا انڈونیشیا کے ساتھ مشاورت کی جا رہی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے مسئلہ فلسطین کے سلسلے میں اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کی میزبانی کے فرائض انجام دینے کی بنا پر انڈونیشیا کی قدردانی کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ فلسطین اور قدس شریف کے لئے اس اجلاس کے بہترین نتائج برآمد ہوں گے۔ محمد جواد ظریف نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ جکارتہ اجلاس فلسطین کے لئے ایک نیا آغاز ثابت ہوگا اور عرب اور غیر عرب ممالک فلسطین کو مدد دینےکے لئے متحد ہو جائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے پانچویں ہنگامی سربراہی اجلاس کا افتتاح پیر کے دن انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں ہوا ہے۔ اس اجلاس میں اسلامی تعاون تنظیم کے ستاون رکن ممالک کے چھ سو سے زیادہ سربراہ، وزرائے خارجہ اور نمائندے جبکہ دو بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے بھی شریک ہیں۔