شام چھوٹی عالمی جنگ میں کامیاب رہا ہے: ڈاکٹر علی اکبر ولایتی
بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ بے پناہ نقصانات برداشت کرنے کے باوجود شام اس چھوٹی عالمی جنگ میں کامیاب رہا ہے -
ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے منگل کو تہران میں شام کے قائم مقام وزیرخارجہ فیصل مقداد سے ملاقات میں کہا کہ اگرچہ شام کو بے پناہ نقصانات برداشت کرنے پڑے ہیں لیکن شامی عوام، حکومت اور فوج نے اپنے ملک کے خلاف چھوٹی عالمی جنگ میں بھرپور استقامت کا مظاہرہ کیا اور کامیابی حاصل کی -
انہوں نے کہا دشمنوں کی کوشش تھی کہ شام کو، جو مزاحمتی قوتوں کا مرکز ہے، نابود کردیں لیکن دشمن اپنے اس مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکے -
ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ دشمن قوتیں صیونیوں کے مقابلے میں شامی عوام کی استقامت و پامردی سے سخت غم و غصے میں مبتلا ہیں -
انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے آغاز سے ہی ایران اور شام ساتھ ساتھ رہے ہیں اور ان کے تعلقات روز بروز مستحکم ہوتے گئے جس کے اچھے اثرات پورے علاقے پر مرتب ہوئے-
بین الاقوامی امور میں رہبرانقلاب اسلامی کے مشیر نے کہا کہ اگر ایران، شام، عراق اور حزب اللہ کا باہمی تعاون نہ ہوتا تو آج علاقے کے حالات کچھ اور ہوتے - انہوں نے اس اتحاد میں روس کی شمولیت کو بھی علاقے میں ایک بنیادی تبدیلی قرار دیا اور کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ شام کے عوام حکومت اور فوج اپنے اتحادیوں ایران، روس عراق، حزب اللہ اور انصاف پسند عرب ملکوں کی مدد اور تعاون سے دشمنوں کے مقابلے میں پوری طرح کامیاب ہوگی-
شام کے قائم مقام وزیر خارجہ فیصل مقداد نے بھی کہا کہ شامی عوام سمجھتے ہیں کہ ایران اور شام کے تعلقات صرف اقتصادی، سیاسی، سماجی اور ثقافتی نوعیت کے نہیں ہیں بلکہ یہ تقدیرساز تعلقات ہیں -