افریقی ملکوں کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کی توسیع پر ایران کی تاکید
ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے تہران افریقی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے تہران میں متعین افریقی ملکوں کے سفراء کی مشترکہ نشست سے خطاب میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور افریقی ملکوں کے درمیان تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیئے جانے کی ضرورت ہے اور تہران ان تعلقات کی توسیع کے لئے آمادہ ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے بعد تعلقات کی توسیع کا ماحول سازگار ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایران اور افریقی ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ کا ذکر کیا اور کہا کہ تعلقات کی توسیع کے دائرے میں ایرانی حکام کے، افریقی ملکوں کے دورے اور افریقی ملکوں کے حکام کے ایران کے دورے، تہران کی خارجہ پالیسی کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
اس نشست میں افریقی ملکوں کے سفراء نے بھی صلاح و مشورے کے لئے مشترکہ نشست سے متعلق ایران کی جدت عمل کی قدردانی کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے مختلف شعبوں منجملہ سائنسی، توانائی، طب وصحت اور بنیادی تنصیبات کے شعبوں میں بہترین کامیابیاں حاصل کی ہیں اور وہ ان شعبوں میں افریقی ملکوں کی ضروریات کو پورا کر سکتا ہے۔
انھوں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ اقدامات کے نتیجے میں ایران اور افریقی ملکوں کے تعلقات تمام شعبوں میں زیادہ سے زیادہ فروغ پائیں گے۔