ایران کے وزیر خارجہ غیر ملکی دورہ مکمل کرکے واپس تہران پہنچ گئے
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، جنوب مشرقی ایشیاء اور بحرالکاہل کے مختلف ملکوں کا دورہ مکمل کر کے جمعرات کے روز واپس تہران پہنچ گئے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جنوب مشرقی ایشیاء اور بحرالکاہل کے مختلف ملکوں کا بارہ روزہ دورہ پانچ مارچ سے شروع کیا تھا اور سب سے پہلے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ پہنچے تھے جہاں انھوں نے مسجد الاقصی اور بیت المقدس کے موضوع پر او آئی سی کے ہنگامی سربراہی اجلاس میں شرکت کے علاوہ انڈونیشیا کے حکام سے ملاقات کی تھی۔
انڈونیشیا کے بعد وہ سنگاپور اور برونئی کے دورے پر گئے اور پھر تھائی لینڈ کے دورے کے بعد نیوزی لینڈ پہنچے اور آخری مرحلے میں کینبرا میں آسٹریلیا کے حکام سے ملاقات کی اور اس طرح اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، بارہ روزہ اپنا دورہ مکمل کرکے بدھ کی رات سڈنی سے تہران کے لئے روانہ ہوئے اور جمعرات کی صبح واپس تہران پہنچ گئے۔