Mar ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۱:۴۳ Asia/Tehran
  • اسلام آباد کی سڑکوں پر صدر مملکت کی تصاویرآویزاں کر دی گئیں

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کو صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کے دورے سے قبل ان کی تصویروں اور پلے کارڈز اور بینروں سے سجا دیا گیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان نے حالیہ دنوں کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کا پرجوش استقبال کرنے کے مقصد سے دارالحکومت کے مرکزی چوراہوں، اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے لے کر صدر مملکت کے قیام کے لیے منتخب کیے جانے والے ہوٹل تک پورے راستے میں اور اسی طرح وزیراعظم ہاؤس اور ایوان صدر کے سامنے صدر مملکت کی سینکڑوں تصاویر آویزاں کر دیں۔

اس رپورٹ کے مطابق ایران اور پاکستان کے پرچم بھی سڑکوں، چوراہوں اور اہم مقامات پر لگائے گئے ہیں۔

پاکستان کے عوام اور حکام کو امید ہے کہ صدر مملکت حسن روحانی کا دورہ پاکستان خاص طور پر ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کے بعد دونوں ملکوں خصوصا پاکستان کے لیے ایک بہترین موقع ہو گا کہ وہ اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تجارتی و اقتصادی تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیں۔

صدر مملکت ایک اعلی سطحی سیاسی و اقتصادی وفد کے ہمراہ جمعہ کے روز سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں۔ اس وفد میں بڑی تعداد میں تاجر اور اقتصادی شعبے سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی شامل ہیں۔

ٹیگس