Mar ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۲:۲۸ Asia/Tehran
  • صدر مملکت پاکستان کے دورے پر روانہ ہو گئے

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کی دعوت پر ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں۔

صدر مملکت کے دفتر کے ایک اعلی عہدیدار پرویز اسماعیلی نے ڈاکٹر حسن روحانی کے دورہ پاکستان کے بارے میں کہا کہ دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا خصوصا ایران پرعائد پابندیوں کے خاتمے کے بعد اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کا جائزہ لینا صدر مملکت کے دورہ پاکستان کے مقاصد میں شامل ہے۔

انھوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے ایران کا سب سے بڑا مسلمان ہمسایہ ملک ہے، مزید کہا کہ اہم علاقائی اور عالمی مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کرنا اور اسی طرح عالم اسلام کے اتحاد کو زیادہ سے زیادہ مضبوط بنانے کے لیے اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے بارے میں صلاح و مشورہ کرنا بھی دونوں ملکوں کے سربراہوں کے درمیان مذاکرات کا حصہ ہو گا۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی، وزیر پیٹرولیم بیژن نامدار زنگنہ، وزیر توانائی حمید چیت چیان اور وزیر صحت سید حسن قاضی زادہ ہاشمی سمیت کئی وزراء بھی صدر مملکت کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر گئے ہیں۔

ٹیگس