ایران میں داعش کی دراندازی کی کوششیں ناکام بنادی گئیں
ایران کی بری فوج کے کمانڈر جنرل احمد پور دستان نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ ایران میں داعش کی دراندازی کی کوششیں ناکام بنادی گئی ہیں ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی زمینی فوج کے سربراہ جنرل رضا پور دستان نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ مارچ کے اوائل میں داعش نے ہماری سرحدوں میں دراندازی کی کوشش کی تھی جس کو ناکام بنادیا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ دو تکفیری دہشت گردوں نے، جو خودکش جیکٹیں پہنے ہوئے تھے، ایران کی سرحد میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن ہماری سرحدوں کے محافظین نے انہیں ہلاک کردیا۔
ایران کی زمینی فوج کے سربراہ نے کہا کہ ایران کی سرحدیں محفوظ ہیں اور وہاں کوئی خطرہ نہیں ہے۔ جنرل احمد پوردستان نے کہا کہ علاقے کے بعض ممالک دہشت گردوں کے ذریعے ہماری سرحدوں کو غیر محفوظ بنانا چاہتے ہیں لیکن اب تک وہ اپنی ان کوششوں میں ناکام رہے ہیں ۔
ایران کی زمینی فوج کے سربراہ نے شام میں ایران کے فوجی مشیر بھیجے جانے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ جہاں بھی ضرورت ہوگی وہاں ہم اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی نہیں کریں گے ۔ انھوں نے کہا کہ شام میں فوجی مشیر بھی اسی ضرورت کے تحت بھیجے گئے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ شام میں ہم نے اپنے فوجی مشیر اس لئے بھیجے ہیں کہ وہاں نیابتی جنگ کے نئے مرحلے کا سامنا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ شام میں جاری نیابتی جنگ کے اس نئے مرحلے میں خطرات کو سمجھنا ضروری ہے اس لئے ہم نے وہاں اپنے فوجی مشیروں کو بھیجا ہے تاکہ وہ حالات کو سمجھ سکیں ۔ جنرل پور دستان نے اسی کے ساتھ شام میں ایرانی فوج کے جنگی دستے کی موجودگی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ شام میں ہمارا کوئی جنگی دستہ نہیں ہے۔
ایران کی زمینی فوج کے سربراہ نے روس سے اسلحے کی خریداری اور ایران کے ہاتھوں سوخوئی تیس نوعیت کے جنگی طیاروں اور روسی ٹینکوں کی فروخت پر امریکا کے اعتراض کے تعلق سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سوخوئی تیس نوعیت کے جنگی طیاروں اور ٹی نائنٹی نوعیت کے ٹینکوں کی خریداری کے بارے میں گفتگو ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اپنی دفاعی توانائی بڑھانے کے لئے اپنی پوری صلاحیتوں سے کام لیں گے -
انھوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ہمارے لئے جو ممنوعہ خطوط معین کئے ہیں ان میں عام تباہی پھیلانے والے اور کیمیائی و جراثیمی ہتھیاروں کا حصول شامل ہے۔
انھوں نے کہا کہ ٹی نائنٹی نوعیت کے روسی ٹینکوں کی خریداری ہمارے پروگرام میں شامل ہے اور یہ کام کسی قرار داد کے منافی نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکی اس سلسلے میں بیکار کی باتیں کرتے ہیں اور ہم انہیں خاطر میں لائے بغیر اپنی دفاعی توانائیوں کی تقویت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
انھوں نے بتایا کہ ہم نے ہیلی کاپٹروں کے تعلق سے فوج کی توانائی کافی مستحکم کرلی ہے اور ریپڈ ایکشن دستے بھی تشکیل دیئے ہیں ۔
جنرل احمد پور دستان نے اسی کے ساتھ ملک کی دفاعی صنعت کی پیشرفت جاری رکھنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے تیار کردہ کرار ٹینک کی رواں مہینے یا آئندہ مہینے رونمائی کی جائے گی۔