ایران اور قزاقستان کے درمیان دو ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط
ایران اور قزاقستان کے سربراہوں نے تہران میں مذاکرات اور دو ارب ڈالر کی مالیت کے چھیاسٹھ سمجھوتوں پر دستخط کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں باہمی روابط میں زیاد سے زیادہ فروغ کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں اپنے قزاقی ہم منصب نور سلطان نظربایف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف سرکاری اور نجی شعبوں میں تعاون کی چھیاسٹھ دستاویزات پر دستخط ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران قزاقستان کے ساتھ تمام شعبوں میں روابط کے فروغ کا خیر مقدم کرتا ہے۔
انھوں نے قزاقستان کو ایران کا دوست اور پڑوسی مسلمان ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ قزاقستان کی حکومت نے پابندیوں کے دوران، ایٹمی مذاکرات کے زمانے میں اور جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے دور میں ہمیشہ،ایران کا ساتھ دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ قزاقستان نے ساٹھ ٹن یلو کیک ارسال کرکے جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد میں بھی تعاون کیا ہے۔
صدر مملکت نے بتایا کہ قزاقستان کے صدر کے ساتھ مذاکرات میں ، بحیرہ خزر کے مسائل، تجارت، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت، تیل، گیس ،پیٹروکیمیکل، پیٹرولیئم مصنوعات، نقل و حمل، اور ایران، قزاقستان، ترکمنستان اور چین کے درمیان ریلوے لائن کے پروجکٹ نیز دیگر شعبوں میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے ۔
انھوں نے کہا کہ علاقائی مسائل میں ایران اور قزاقستان کے درمیان اتفاق رائے پایا جاتا ہے ۔ صدر مملکت نے کہا ہے ایران سمجھتا ہے کہ ، انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت، اس وقت اسلامی دنیا کو لاحق تین بڑے خطرات ہیں۔
قزاقستان کے صدر نور سلطان نظربایف نے بھی مشترکہ پریس کانفرنس میں ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں باہمی روابط اور تعاون میں فروغ پر زور دیا ۔ انھوں نے کہا کہ پابندیاں ختم ہونے کے بعد تہران اور آستانہ کے درمیان روابط کے فروغ کے نئے امکانات وجود میں آئے ہیں ۔ صدر نور سلطان نظربایف نے کہا کہ اہم علاقائی مسائل میں قزاقستان اور ایران کے موقف میں یکسانیت پائی جاتی ہے۔
انھوں نے ایران اور قزاقستان کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے دو ارب ڈالر کی مالیت کے چھیاسٹھ سمجھوتوں پر دستخط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصاد، تجارت، زراعت ، صنعت اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کی کافی گنجائش پائی جاتی ہے۔