اٹلی کے وزیر اعظم تہران کے دورے پر
اٹلی کے وزیر اعظم ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے ہیں-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اٹلی کے وزیراعظم میتئو رینزی پابندیوں کے بعد کے دور میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے دو سو پچاس افراد پر مشتمل سیاسی و اقتصادی وفد کے ہمراہ منگل کی صبح تہران پہنچے جہاں ایران کے وزیر صنعت، معدن و تجارت محمد رضا نعمت زادہ نے ان کا استقبال کیا-
اٹلی کے وزیر اعظم کے دورہ ایران کا مقصد، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور دیگر اعلی حکام سے ملاقات نیز پابندیاں ختم ہونے کے بعد کے دور میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون کو فروغ دینا اور ایران میں اٹلی کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کی موجودگی بڑھانا اعلان کیا گیا ہے-
اٹلی کے وزیر اعظم نے دورہ تہران سے پہلے تاکید کے ساتھ کہا تھا کہ روم، ایران کے ساتھ تمام میدانوں میں دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے اور ایران کے ساتھ اپنے تجارتی حصے کو حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہے جو مغرب کی عائد کردہ پابندیوں کے دور میں اس کے ہاتھ سے نکل گیا تھا-
اس رپورٹ کے مطابق اٹلی، ایران کے ساتھ دوہزار دس کے تجارتی لین دین کی شرح کو دوبارہ بحال کرنا چاہتا ہے- دوہزار دس میں ایران اور اٹلی کے درمیان تجارتی لین دین کی شرح سات ارب یورو تھی-