پیغمبر اعظم (ص)فوجی مشقوں کا دوسرا مرحلہ شروع
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی پیغمبر اعظم (ص)فوجی مشقوں کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے۔
یہ فوجی مشقیں جنوب مشرقی ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں منگل کے روز شروع ہوئی ہیں، فوجی مشقوں کے اس مرحلے میں مورچہ بندی، فرضی دشمن کا محاصرہ اور اس کے زیرقبضہ علاقوں کو واپس لینے کی مشق کی جا رہی ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد پاکپور نے فرضی دشمن کےخلاف حملے اور منصوبہ بندی کو ان مشقوں کی اہم ترین خصوصیت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ فوجی مشقوں کے مقابلے میں حالیہ فوجی مشقوں کے درمیان بنیادی فرق یہ ہے کہ اس میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے حملہ آور سیکورٹی دستے حصہ لے رہے ہیں۔
ہمارے نمائندے کے مطابق سپاہ پاسداران کی بری فوج کی مشقوں کا پہلا مرحلہ منگل کے روز طےشدہ اہداف کے مطابق کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا ہے ۔ پیغمبراعظم فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب جمعرات کو صوبہ سیستان وبلوچستان کے صدر مقام زاہدان میں منعقد ہوگی جس میں عوامی رضاکار فورس بسیج اور فوج کے جوانوں کے علاوہ قبائلی عمائدین اور معزز شخصیات شرکت کریں گی۔