ایران کےساتھ سبھی معاہدوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر اٹلی کی تاکید
اٹلی کے وزیراعظم نے ایران کےساتھ سبھی معاہدوں پر عمل درآمد کی ضرورت پرزودیا ہے
اٹلی کےوزیراعظم میتھیو رینزی نے تہران میں ایران اور یورپ کے اقتصادی اجلاس میں تقریرکرتے ہوئے کہاکہ ایران کے ساتھ جو سمجھوتے ہوئے ہیں ان پر عمل درآمد کیاجائےگا - ان کا کہنا تھا کہ یورپ کے بینک "یونٹ کریڈیٹ" نے ایران میں اپنی برانچ کھولنے کے لئے ایرانی حکام کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں - رینزی نے شاہراہ ریشم کے احیا کو غذائی مصنوعات کے میدان میں ایران کےساتھ تعاون کا ایک اور ذریعہ قراردیا- انہوں نے کہا کہ اٹلی، ایران کے ساتھ تعاون میں اس موضوع پر خاص توجہ دے رہا ہے -
اطالوی وزیراعطم نے ایران اور اٹلی کے درمیان اقتصادی اور تجارتی معاملات کی توسیع کے لئے بینکنگ کے معاملات پر توجہ دیئے جانے کو، ایران کے ساتھ اپنے ملک کے تعاون کی ایک ترجیح قراردیا -انہوں نے رہبرانقلاب اسلامی اور صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے ساتھ ہونےوالی اپنی ملاقاتوں کا بھی ذکرکیا اور کہا کہ ایران عالمی سطح پر امن و استحکام کے قیام کی بنیاد رکھ سکتاہے -
اٹلی کے وزیراعظم کے دورہ تہران میں دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد اہم سمجھوتوں پردستخط کئے ہیں جن میں انرجی، فولاد اور اسٹیل ، ٹیلی کمیونیکیش اور طبی شعبے بھی شامل ہیں -
اٹلی کے وزیراعظم کے ہمراہ دوسوپچاس رکنی سیاسی اور اقتصادی وفد تہران آیا ہے -