علاقے کے ممالک کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کابل کی مدد کرنی چاہیے: علی لاریجانی
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ علاقے کے ممالک کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افغانستان کی مدد کرنی چاہیے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر علی لاریجانی نے منگل کے روز ماسکو میں یوریشیا کے ممالک کی پارلیمانوں کے اسپیکروں کے اجلاس کے موقع پر افغانستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر عبدالرؤف ابراہیمی سے ملاقات میں کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے واقعی سنجیدگی سے سوچا جائے۔ ایران اور افغانستان کی پارلیمانوں کے اسپیکروں نے اسی طرح تہران اور کابل کے تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف میدانوں میں تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے ماسکو اجلاس کے موقع پر پاکستان، جنوبی کوریا، تاجیکستان، جمہوریہ آذربائیجان اور قزاقستان کی پارلیمانوں کے اسپیکروں سے ملاقات کی اور دو طرفہ اور علاقائی تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
یوریشیا کے پارلیمانی اسپیکروں کا ایک روزہ اجلاس ماسکو میں منعقد ہوا جس میں ایران، پاکستان، ہندوستان، افغانستان، آرمینیا، جمہوریہ آذربائیجان، بیلاروس، ویتنام، انڈونیشیا، جنوبی کوریا، روس، تھائی لینڈ، فلپائن اور جمہوریہ چیک سمیت بہت سے ملکوں نے شرکت کی۔