منشیات کے خلاف مہم میں ایران اور افغانستان کے درمیان تعاون
ایران اور افغانستان نے انسداد منشیات کے لئے متبادل معیشت کے پروگرام کو تجرباتی طور پر شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ایران کے وزیر داخلہ اور ایران کے اینٹی نارکوٹک بورڈ کے سربراہ عبدالرضا رحمانی فضلی اور افغانستان کی انسداد منشیات کی وزیر سلامت عظیمی نے نیویارک میں اپنی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ تجرباتی پروگرام دونوں ملکوں کے سرحدی صوبوں میں سے کسی ایک صوبے میں شروع کیا جائے گا-
ایران کے وزیر داخلہ نے اس ملاقات میں کہا کہ افغانستان کے متعلقہ اداروں کو چاہئے کہ وہ ایران کے متعلقہ اداروں کو منشیات کے اسمگلروں، ان کی رفت و آمد کے راستوں اور منشیات کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے سرغنوں کی شناخت اور ان کا پتہ لگانے کے سلسلے میں اطلاعات و معلومات ارسال کریں-
ایران اور افغانستان کے درمیان انسداد منشیات کے تعلق سے ہونے والے سمجھوتے میں یہ بھی طے پایا ہے کہ ایران کے سرحدی صوبوں خراسان رضوی، خراسان جنوبی اور سیستان و بلوچستان اور افغانستان کے سرحدی صوبوں ہرات، فراہ اور نیمروز کے گورنروں کا پہلا اجلاس بھی جلد ہی ہو گا-
دونوں ملکوں کے حکام نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ گورنروں کا پہلا اجلاس ایران کی میزبانی میں ہو گا جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا-
واضح رہے کہ ایران کے وزیر داخلہ انسداد منشیات کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکتیسویں خصوصی اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک میں ہیں- یہ اجلاس انیس اپریل کو شروع ہوا ہے۔