ایران کے میزائل پروگرام کے بارے میں امریکی موقف کا مشترکہ جامع ایکشن پلان سے کوئی تعلق نہیں ہے: بروجردی
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران کے میزائل پروگرام کے بارے میں امریکہ کے سخت موقف کا مشترکہ جامع ایکشن پلان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق علاء الدین بروجردی نے پیر کی رات ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران کے میزائل پروگرام کے بارے میں امریکہ کا موقف اور اقدامات اس ملک کی وعدہ خلافی شمار ہوتے ہیں۔ انھوں نے اسی طرح ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے مشترکہ جامع ایکشن پلان کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کے بارے میں کہا کہ اس رپورٹ کے مطابق ایٹمی معاملے میں اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے وعدے پورے کر دیے ہیں اور ایران کے خلاف امریکہ کی نئی پابندیاں مشترکہ جامع ایکشن پلان کی خلاف ورزی ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ اور مشترکہ جامع ایکشن پلان پرعمل درآمد کا جائزہ لینے والی کمیٹی کے سربراہ سید عباس عراقچی نے پیر کے روز ایرانی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن میں مشترکہ جامع ایکشن پلان پرعمل درآمد کے مختلف پہلوؤں خاص طور پر پابندیوں کے خاتمے اور بینکنگ کے مسائل کے بارے میں سوالات کا جواب دیا۔