May ۰۳, ۲۰۱۶ ۲۰:۵۲ Asia/Tehran
  • دہشت گردی کے سدباب کے لیے اسلامی ملکوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر صدر روحانی کی تاکید

صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے دہشت گردی کے سدباب کے لیے اسلامی ملکوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

تہران میں ملائیشیا کے وزیر خارجہ عنیفہ امان سے بات چیت کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ بعض دہشت گرد گروہ اسلام اور جہاد کے نام پر انسانیت سوز جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں حالانکہ ان گروہوں کا اسلام سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔ صدر حسن روحانی نے کہاکہ تمام اسلامی ملکوں کو ایسے دہشت گرد گروہوں کے خلاف متحد ہوجانا چاہیے۔

صدر ایران نے کہا کہ قران کریم اور پیغمبر اسلام(ص) کی سنت نے تمام مسلمانوں کے لیے راستے کا تعین کردیا ہے لیکن افسوس کہ عالم اسلام کو ان دنوں لاتعداد مشکلا ت نے گھیر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاقتوراور بااثر اسلامی ملکوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر،عالم اسلام کو درپیش مشکلات سے نکالنے کی غرض سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا چاہیے-

صدر حسن روحانی نے ایران اور ملائیشیا کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی راہ میں کوئی رکاوٹ موجود نہیں۔

ملائیشیا کے وزیر خارجہ عنیفہ امان نے بھی اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض دہشت گرد گروہ اپنے گھناؤنے اقدامات کو اسلام کے ساتھ منسوب کر رہے ہیں جو امن و رحمت کا مذہب ہے۔

ملائیشیا کے وزیرخارجہ نے یہ بات زور دیکر کہی کہ عالم اسلام کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مسلمانوں کے درمیان اتحاد کا قیام ضروری ہے اور ایران اور ملائیشیا اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے ملائیشیا کے وزیراعظم کی جانب سے صدر حسن روحانی کو اپنے ملک کے دورے کی دعوت بھی دی- جسے صدر نے قبول کرلیا۔

ٹیگس