شام، عراق، لبنان اور امریکہ کے بارے میں ایران کے مواقف
اسلامی بیداری عالمی فورم کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ شام کی قانونی حکومت مسائل کو سیاسی طریقے سے حل کئے جانے کی خواہاں ہے اور وہ امن مذاکرات میں فعال شرکت کر رہی ہے۔
المیادین ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسلامی بیداری عالمی فورم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ شامی عوام کو دہشت گردوں سے چھٹکارہ دلانے کے لئے تحریک مزاحمت اور شامی فوج نیز عوامی رضاکاروں کی توانائی سے موثر اقدام عمل میں لائے جانے کی کوشش کرنی چاہئے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ اس سلسلے میں ان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے۔
انھوں نے عراق کے بارے میں بھی کہا کہ ایک پڑوسی ملک کی حیثیت سے اسلامی جمہوریہ ایران اس ملک میں امن و استحکام کے تحفظ کی حمایت کرتا ہے اور اس ملک میں قوانین کے دائرے میں اور مختلف گروہوں کے درمیان ہم آہنگی کے ذریعے جمہوریت کو مستحکم بنائے جانے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ جس طرح سے ایران، عراق میں مداخلت کو صحیح نہیں سمجھتا امریکیوں کو بھی عراق کے اندرونی مسائل میں مداخلت کرنے کا حق نہیں ہے اور یہ عراق کی حکومت اور اس ملک کے عوام کا حق ہے کہ وہ اپنے ملک کے مستقبل کے بارے میں خود فیصلہ کریں۔
اسلامی بیداری عالمی فورم کے سیکریٹری جنرل نے لبنان میں صدر کے انتخاب کے بارے میں بھی کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، لبنان کے داخلی معاملات میں کوئی مداخلت کئے بغیر اس ملک میں مختلف گروہوں کے درمیاں ہم آہنگی اور تمام گروہوں کے ایک دوسرے کے قریب آنے کی حمایت کرتا ہے۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اور اسلامی بیداری عالمی فورم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر علی اکبر ولایتی، استقامتی علماء کی عالمی یونین اور اسی طرح اہلبیت اسمبلی کی اعلی کونسل کے اجلاسوں میں شرکت کے لئے لبنان کے دورے پر ہیں۔