امریکہ سے تاوان وصول کیا جائے، ایرانی پارلیمنٹ میں بل منظور
ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی نے امریکہ سے تاوان کی وصولی کے بارے میں ڈبل ارجنسی بل کی منظوری دے دی ہے۔
حکومت ایران کو امریکہ سے تاوان کی وصولی کا پابند بنانے والے اس بل کے حق میں ایک سو اکاسی ارکان نے ووٹ دیئے۔ اس بل کی تفصیلات منگل کے روز پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں طے کی جائیں گی۔
امریکہ سے تاوان کی وصولی سے متعلق اس بل میں حکومت ایران کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ امریکی اقدامات سے ملک کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لیے تمام قانونی راستے اختیار کرے ۔ بل میں حکومت سے یہ بھی کہا گیا ہے وہ ایران کے خلاف امریکہ کے مخاصمانہ اور غیر قانونی اقدامات کا بھی ترکی بہ ترکی جواب دے۔
اس بل میں ایران کی وزارت خارجہ سے کہا گیا ہے کہ وہ ہر چھے ماہ کے بعد، اپنی رپورٹ پارلیمنٹ کے متعلقہ کمیشن کو پیش کرے اور یہ بتائے کہ اس نے ایرانی عوام کے حقوق کی بازیابی کے لیے اب تک کیا اقدامات انجام دیئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی سپریم کورٹ نے بیس اپریل کو ماتحت عدالتوں کے اس فیصلے کی توثیق کی تھی کہ ایران کے منجمد شدہ اثاثوں کو ان فوجیوں کے لواحقین کو تاوان کی ادائیگی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے جو انیس سو تراسی میں لبنان کے دارالحکومت بیروت میں امریکی فوجی اڈے میں ہونے والے بم دھماکے میں ہلاک ہو گئے تھے۔