ایران اور چین کے درمیان تیل کے شعبے میں طویل المدت معاہدے پر دستخط
ایران کی وزارت پیٹرولیم اور چین کے محکمہ قومی توانائی نے طویل المدت تعاون کے ایک سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔
تیل اور گیس کے شعبے میں طویل المدت تعاون کے اس سمجھوتے پر اتوار کے روز ایران کے نائب وزیر پیٹرولیم ،امیر حسین زمانی نیا اور چین کے محکمہ قومی توانائی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ژانگ یو ژنگ نے تہران میں دستخط کیے۔
سمجھوتے پر دستخط کے بعد ایران کے نائب وزیر پیٹرولیم امیر حسین زمانی نیا نے کہا کہ چین ایران کا قابل اعتماد شریک ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران تیل اور گیس کے شعبے میں چینی کمپنیوں کی شراکت کا خیرمقدم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اور ایران کے درمیان طے پانے والے اس سمجھوتے کے تحت چینی کمپنیاں تیل اور گیس فیلڈ کی توسیع اور خام تیل اور مائع گیس کی پیداوار میں اضافے کی غرض سے ایران کے ساتھ تعاون کریں گی۔
چین پابندیوں کے دور میں ایران سے روزانہ چار لاکھ بیرل تیل یومیہ حاصل کرتا رہا ہے جس میں رواں سال کے دوران تیرہ فی صد سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔ چین دنیا میں ایرانی تیل کا سب سے بڑا خریدار شمار ہوتا ہے۔