ایران کے طبی آلات کی برآمد
اسلامی جمہوریہ ایران دنیا کے چوالیس ملکوں کو طبی آلات برآمد کر رہا ہے۔
ایران کے طبی آلات برآمد کرنے والی کمپنیوں کی یونین کے سیکریٹری محمد رضا کمپانی نے پیر کو تہران میں طبی آلات کی انیسویں بین الاقوامی نمائش کے موقع پر ایک گفتگو میں بتایا کہ ایران دنیا کے چوالیس ملکوں کو سالانہ تیس ملین ڈالر کے طبی آلات برآمد کر رہا ہے۔
ایران کے طبی آلات برآمد کرنے والوں کی یونین کے سیکریٹری نے مزید کہا کہ ایران کے طبی آلات یورپ بھی بھیجے جاتے ہیں جن کا بڑا حصہ جرمنی اور اٹلی کو برآمد کیا جاتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ایران کے سبھی طبی آلات یورپ کے طبی آلات کے اسٹینڈرڈ سی ای کی مہر کے حامل ہوتے ہیں۔ ایران کے طبی آلات برآمد کرنے والی کمپنیوں کی یونین کے سیکریٹری محمد رضا کمپانی کا کہنا تھا کہ چونکہ ایران کے طبی آلات معیاری ہونے کے ساتھ ہی ساتھ سستے بھی ہوتے ہیں، اس لئے دنیا میں ان کی مانگ زیادہ ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ایران کے طبی مشینوں کے فاضل پرزہ جات بھی جرمنی، سوئیڈن ، بیلاروس، ملیشیا، چیک، اور روس جیسے ملکوں کو برآمد کئے جاتے ہیں جن کی پیکنگ کا کام خود انہی ملکوں میں انجام پاتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ تہران میں، طبی، ڈینٹل اور لیبارٹریوں کے آلات نیز دواسازی کی صنعت کی انیسویں بین الاقوامی نمائش بدھ تک جاری رہے گی۔