May ۱۹, ۲۰۱۶ ۲۰:۴۶ Asia/Tehran
  • ایران سے متعلق بینکاری کے سلسلے میں مشکلات کو دور کیا جائے: ولی اللہ سیف کا مطالبہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ ولی اللہ سیف نے ایران سے متعلق بینکاری کے سلسلے میں مشکلات کو دور کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ ولی اللہ سیف نے "بین الاقوامی مالیاتی نظام میں ایران کی دوبارہ شمولیت" کے موضوع پر جمعرات کو لندن میں ہونے والی کانفرنس میں کہا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان میں وعدوں پر عمل کرنے کے سلسلے میں مقابل فریقوں کو چاہئے کہ ایران سے متعلق بینکاری کے سلسلے میں مشکلات کو دور کرنے کے لئے زیادہ سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے عالمی اقتصادی نظام کی طرف ایران کی واپسی میں آسانی کے لئے مغربی فریقوں کے اقدام کو ضروری قرار دیا اور کہا کہ ایٹمی معاملے میں مذاکرات کرنے والے فریق بینکاری سے متعلق مشکلات سے پوری طرح آگاہ تھے اور ان کا اخلاقی فریضہ ہے کہ اب مشترکہ جامع ایکشن پلان کے تناظر میں اپنے وعدوں پر عمل کریں۔

ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان کے تناظر میں مغربی فریقوں کی طرف سے ابتدائی اقدامات کئے گئے ہیں، کہا کہ ان کوششوں کو عملی پیش رفت میں تبدیل ہونا چاہئے۔

واضح رہے کہ "بین الاقوامی مالیاتی نظام میں ایران کی دوبارہ شمولیت" کے موضوع پر لندن میں ایک روزہ کانفرنس کا انعقاد "یورو منی" ادارے اور ایران کے مرکزی بینک کے تعاون سے ہوا ہے۔

ٹیگس