May ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۶:۵۸ Asia/Tehran
  • ایران اور افغانستان کے صدور کی ملاقات، باہمی تعلقات کے فروغ پر تاکید

ایران اور افغانستان کے صدور نے تہران کابل تعلقات کے فروغ اور انہیں مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔

پیر کی شام تہران میں صدر اشرف غنی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ افغانستان کا امن و استحکام ایران کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے ۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ تاریخی ، مذہبی اور ثقافتی رشتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تہران ، افغانستان میں امن و استحکام کے لیے کابل حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔

انہوں ایران، ہندوستان اور افغانستان کے درمیان طے پانے والے چابہار ٹرانزٹ ، ٹریڈ معاہدے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے پورے خطے کی ترقی کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔

صدر حسن روحانی نے افغانستان میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سمیت دنیا میں کہیں بھی ،کسی بے گناہ کا قتل ایران کے لیے باعث افسوس ہے۔

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے اس ملاقات میں کابل تہران تعلقات کے فروغ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ، ان کا ملک ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔

صدر اشرف غنی نے ایران ہندوستان اور افغانستان کے درمیان چابہار ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اسے علاقائی ترقی کی جانب اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چابہار ٹرانزٹ روٹ کے علاقائی تعاون اور ترقی پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔

ٹیگس