امریکا اور سعودی عرب صیہونی حکومت کے محافظ
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیردفاع نے کہا ہے کہ امریکا اور سعودی عرب جیسے ممالک صیہونی حکومت کی سیکورٹی کے لئے کام کر رہے ہیں
ایران کے وزیردفاع حسین دہقان نے ہفتے کو ایک بیان میں کہا کہ آج امریکا اور سعودی عرب کی سرکردگی میں سبھی سامراجی ممالک نے اسرائیل کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے علاقے میں مذہب کے نام پر جنگ بھڑکا رکھی ہے- انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ علاقے کے بعض نادان ممالک دہشت گردوں کو ہتھیار اور مالی امداد فراہم کرکے ان سامراجی ملکوں کی کوششوں میں شریک ہیں -
حسین دہقان نے کہا کہ آج سامراجی ممالک اسلاموفوبیا، ایرانوفوبیا، اور شیعہ فوبیا کے ذریعے بھی اس جنگ کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں - ایران کے وزیردفاع حسین دہقان نے ایران کو نقصان پہنچانے کے لئے مغرب کے مقاصد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے آج ایران کے قومی اقتصاد کو نشانہ بنا رکھا ہے - انہوں نے کہا کہ امریکا ہمارے قومی اقتصاد کو نشانہ بنا کر ہمیں کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے -
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیردفاع حسین دہقان نے کہا کہ ایران کے اسلامی نظام کو کمزور کرنے کے لئے امریکا نے سائبراسپیس کا بھی سہارا لے رکھا ہے لیکن ایران کے عوام نے اب تک اسلامی انقلاب کے راستے پر ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے اور کوئی بھی طاقت ایرانی عوام کے عزم و ارادے کو متزلزل نہیں کرسکے گی -