ایرانی عوام کے لیے حج کی ادائیگی کا امکان نہیں: وزیرثقافت و اسلامی رہنمائی
ایران کے وزیر ثقافت و اسلامی رہنمائی نے کہا ہے کہ اس سال ایرانی عوام کے لیے حج کی ادائیگی کا امکان نہیں۔
ایران کے وزیر ثقافت علی جنتی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ سعودی حکام کو اتوار تک حج کے بارے میں ایران کے مطالبات کا جواب دینا تھا جو بظاہر ہمیں موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو دور کے مذاکرات کے دوران سعودی حکام کے رویے اور بات چیت سے لگتا ہے کہ اس سال ایرانی عوام کے لیے فریضہ حج کی ادائیگی ممکن نہیں ۔
علی جنتی نے کہا کہ ایران کے محکمہ حج و اوقاف کی جانب سے پیر کے روز اس بارے میں باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔
اس سے قبل ایران کے محکمہ حج و زیارات کے سربراہ سعید اوحدی نے کہا تھا کہ تمام اقدامات اور اسلامی تعاون تنطیم کے سیکریٹری جنرل کی کوششوں کے باوجود ، سعودی حکام کے ساتھ اختلافات حل نہیں ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کرنے والے سعودی وفد کے پاس فیصلہ کرنے کے لازمی اختیارات نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کرنے والے سعودی حکام ، ایرانی حجاج کی سلامتی کی لازمی ضمانتیں دینے پر تیار نہیں ہوئے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال حج کے موقع پر سعودی حکام کی بد انتظامی کے نتیجے میں پیش آنے والے سانحے کے دوران چار سو چونسٹھ ایرانی حاجیوں سمیت ہزاروں حجاج کرام شہید ہوگئے تھے۔