صیہونی اور سامراجی سازشوں کو ناکام بنا دیا: صدر حسن روحانی
صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایرانی عوام نے باہمی اتحاد کے ذریعے صیہونی اور سامراجی طاقتوں کی تمام شازشوں کو ناکام بنا دیا ہے۔
صوبہ مغربی آذربائیجان کے شہر ارومیہ میں ایک بڑے عوامی استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ باہمی اتحاد کے نتیجے میں ایرانی عوام کے خلاف عالمی صیہونیزم اور سامراجی طاقتوں کی تمام سازشیں ناکام ہوگئی ہیں۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے صوبہ مغربی آذربائیجان کو شیعہ سنی اتحاد کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران میں آباد تمام نسلی اور مذہبی اکائیاں ایران کے تناور درخت کی مختلف شاخیں ہیں۔ صدر نے خطے میں بدامنی اور انتہا پسندی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ رہبرانقلاب اسلامی کے تدبر اور سیکورٹی فورس کی انتھک محنت کے نتیجے میں آج ملک میں امن و استحکام اپنی بہترین شکل میں قائم ہے۔ انہوں نے پابندیوں کے خاتمے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے مذاکرت کے ذریعے اقتصادی ترقی اور برآمدات کے وہ تمام دروازے کھول دیئے ہیں جو دشمنوں نے پابندیوں کے نام پر بند کر رکھے تھے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ آج دنیا کے مختلف ممالک ایران میں سرمایہ کاری کے لیے آمادہ ہو رہے ہیں جبکہ عالمی منڈی میں ایران کے تیل کا کوٹہ بحال ہو رہا ہے۔ صدر نے کہا کہ صوبہ مغربی آذربائیجان کو ملک میں زرعی لحاظ سے نمایاں مقام حاصل ہے اور یہ صوبہ تین ہمسایہ ملکوں کے لیے زرعی اجناس کی برآمدات اور اقتصادی لین دین کا مرکز بن سکتا ہے۔