Jun ۰۱, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۵ Asia/Tehran
  • ایران ایک پر امن ملک ہے؛ سرمایہ کار، سرمایہ کاری کرسکتے ہیں : وزیر خارجہ جواد ظریف

وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے سبھی بین الاقوامی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کو ایک پرامن ملک قرار دیا اور سبھی سرمایہ کاروں کو ایران میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی

وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے اسٹاک ہوم میں ایران اور سوئیڈن کے مشترکہ اقتصادی فورم کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو ایرانی تاجر اور صنعتکار اس اجلاس میں شریک ہیں وہ سوئیڈن میں اقتصادی شعبوں میں سرگرم رہے ہیں اور یہ بات سب جانتے ہیں کہ ایرانی اپنے کام اور وعدوں میں پوری طرح سنجیدہ ہیں

انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے کی تمام شقوں پرعمل کیا ہے اور کسی بھی معاملے میں اس نے وعدہ خلافی نہیں کی ہے اس امید کا اظہار کیا کہ تجارتی کمپنیوں کے تعاون کے ذریعے ایٹمی معاہدے کے ثمرات سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے

وزیرخارجہ جواد ظریف نے سوئیڈن کے تاجروں اور صنعتکاروں کو ایران کے ساتھ تعاون کرنے کی ترغیب دلاتے ہوئے کہا کہ ایرانی نوجوان مختلف شعبوں منجملہ آئی سی ٹی ، دواسازی اور ایٹمی علوم میں پیشہ وارانہ مہارت رکھتے ہیں اور انہوں نے یہ ساری توانائیاں اور ٹیکنالوجی اپنی ملکی صلاحیتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے حاصل کی ہیں-

واضح رہے کہ وزیرخارجہ محمد جواد ظریف ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ لیتھوانیا، پولینڈ، فنلینڈ اور سوئیڈن کے دورے پر اتوار کو روانہ ہوئے تھے -

ایران کے ایوانہائے تجارت و صنعت و معدنیات و زراعت محسن جلال پور نے بتایاکہ ایرانی تاجروں اور صنعتکاروں نے پولینڈ اور فنلینڈ میں ایک ارب  دوسو ملین ڈالر کے تجارتی اور اقتصادی معاہدے پر دستخط کئے ہیں

 

ٹیگس