ایران کے وزیرخارجہ کی سوئیڈن کے وزیراعظم سے ملاقات
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ اور سوئیڈن کے وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے سلسلے میں بات چیت کی ہے
اسٹاک ہوم سے ہمارے نمائندے نےخبر دی ہے کہ وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے سوئیڈن میں اپنے قیام کے دوران اس ملک کے وزیراعظم اسٹیفن لوو سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور اہم بین الاقوامی مسائل کے بارے میں بات چیت کی-
انہوں نے اس ملاقات میں سوئیڈن کے وزیراعظم کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کی جانب سے خیرسگالی کا پیغام پہنچاتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے دورہ تہران سے دونوں ملکوں کے سیاسی اور اقتصادی تعلقات فروغ پائیں گے جو ایک ضرورت ہے-
سوئیڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لوو نے بھی اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات میں توسیع کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورہ تہران کے پروگرام کو آخری شکل دی جا رہی ہے -
فریقین نے اس ملاقات میں مشرق وسطی کے بحرانوں اور انہیں سیاسی طریقے سےحل کئے جانےکی ضرورت اورساتھ ہی بحرانی علاقوں میں انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا-