ایران کے وزیرخارجہ کی لٹویا کے صدر ریمنڈ وی یونس سے ملاقات
لٹویا کے صدر نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے لٹویا کے صدر ریمنڈ وی یونس سے ریگا سٹی میں ملاقات اور گفتگو کی۔ اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ لٹویا کے صدر ریمنڈ وی یونس نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ سیاسی، پارلیمانی، تجارتی اور سیاحتی شعبوں میں تعلقات کے فروغ میں خاص دلچسپی رکھتا ہے۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اس ملاقات میں کہا کہ ایران اور لٹویا کے درمیان مختلف اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کےلیے حالات سازگار ہیں۔ انہوں نے لٹویا کے صدر ریمنڈ وی یونس کو صدر حسن روحانی کا پیغام بھی پہنچایا جس میں انہیں اسلامی جمہوریہ ایران کے دورے کی دعوت دی گئی ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے تہران اور ریگا تعلقات کی موجودہ سطح پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان سرکاری سطح پر رابطوں کے فروغ پر زور دیا۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ریگا سٹی میں لٹویا کے وزیر خارجہ ، اسپیکر پارلیمنٹ اور وزیر زراعت سے بھی ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
ایران کے وزیرخارجہ ریگا سٹی میں اپنے قیام کے دوران ایران اور لٹویا کے مشترکہ تجارتی اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف مشرقی اور شمالی یورپ کے ملکوں کے دورے کے موقع جمعرات کو سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم سے لٹویا کے دارالحکومت ریگا پہنچے ہیں۔