رمضان المبارک کی آمد کی مناسبت سے صدر مملکت کی مبارکباد
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اسلامی ممالک کے سربراہوں کو رمضان المبارک کی آمد کی مبارکباد پیش کی ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کے دن رمضان المبارک کی آمد کی مناسبت سے اسلامی ممالک کے سربراہوں کے نام الگ الگ پیغامات میں اسلامی ممالک کے سربراہوں سے اپیل کی کہ وہ اجتماعی شرکت، باہمی اتحاد اور رحمانی اسلام کی حقیقی تصویر پیش کر کے تشدد اور انتہا پسندی سے پاک دنیا کی تشکیل کے لئے آگے بڑھیں۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے اسلامی ممالک کے سربراہوں کو مخاطب قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ مسلمانوں کی تاریخ کے اس حساس دور میں، کہ جب حقیقی اسلام کی غلط اور تشدد پسندی پر مبنی تصویر پیش کئے جانے کی وجہ سے اسلامی حکمت، تاریخی تمدن اور دوسرے ادیان کے پیرووں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کو خطرات لاحق ہوچکے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اجتماعی شرکت اور باہمی اتحاد کے ذریعے رحمانی اسلام، امن و دوستی کے اسلام اور بھائی چارے کے اسلام کی حقیقی تصویر دنیا والوں کے سامنے پیش کریں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ہم اس بابرکت مہینے میں اللہ تعالی سے دعا و مناجات کی معنویت سے فائدہ اٹھا کر نیز کتاب وحی اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سنّت سے درس حاصل کر کے اور صیام و قیام کی الہی ضیافت میں شرکت کر کے ملت اسلامیہ کے درمیان ماضی سے زیادہ محبت اور اخوت کی تقویت اور امن و سلامتی کے فروغ کے لئے قدم اٹھائیں گے۔