Jun ۰۹, ۲۰۱۶ ۰۷:۴۷ Asia/Tehran
  • ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی ٹیلی فونک گفتگو
    ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی ٹیلی فونک گفتگو

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے اس ٹیلی فونک گفتگو میں علاقائی اور عالمی سطح پر دو طرفہ تعاون میں توسیع پر تاکید کی ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس گفتگو میں ایک ہمسایہ ملک کے طور پر قطر کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے تعلقات کو برادرانہ قرار دیا اور کہا کہ تہران دوحہ کے ساتھ تعلقات میں توسیع اور باہمی تعاون میں اضافے کا خیر مقدم کرتا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے مزید کہا کہ ایران اور قطر کے مشترکہ اہداف اور مفادات ہیں اور دونوں ملک باہمی تعاون اور مشاورت کے ذریعے خطے کے استحکام اور ترقی و پیشرفت کے تناظر میں اپنے اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ خطے کے مسائل علاقائی ممالک کی شرکت اور گفتگو کے ذریعے حل کئے جانے چاہئیں کہا کہ ایران خطے کے استحکام اور سلامتی کی تقویت کے لئے قطر سمیت خطے میں دوست ممالک کے ساتھ مشاورت میں اضافے کے لئے تیار ہے۔

صدر مملکت نے ایران اور علاقائی ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک مذاکرات کی ضرورت کا خیر مقدم کرتے ہوئے قطر کی حکومت اور قوم کی کامیابی اور سربلندی کی تمنا کا اظہار کیا۔

قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بھی اس ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہا کہ قطر اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ قریبی تعلقات پر فخر کرتا ہے اور اسے امید ہے کہ ان تعلقات میں ماضی کی نسبت زیادہ توسیع آئے گی۔

شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے علاقائی مسائل کے حل کے سلسلے میں ایران کے اہم اور اسٹریٹیجک کردار پر تاکید کرتے ہوئے کہاکہ قطر ایران اور خلیج فارس کے جنوبی ساحلی ممالک کے درمیان اچھے اور اسٹریٹیجک تعلقات کا خواہاں ہے۔

 

ٹیگس