ایرانی قوم کے حقوق کے حصول کی کوشش جاری ہے
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ایٹمی مذاکرات کی کامیابی کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کے حقوق کے حصول کی کوشش جاری ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف نے اتوار کے دن پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں مشترکہ جامع ایکشن پلان پرعملدرآمد، غیر ملکی سرمایہ کاری اور استقامتی معیشت کے بارے میں رپورٹ پیش کی ۔
محمد جواد ظریف نے یہ بات زور دے کر کہی کہ عوام کے اعتماد، حمایت اور استقامت کی بنیاد پر ایرانی قوم کے حقوق حاصل کئے جانے چاہئیں۔
محمد جواد ظریف نے مزید کہا کہ اگر ایرانی عوام کی استقامت نہ ہوتی اور وہ میدان عمل میں موجود نہ ہوتے تو اسلامی جمہوریہ ایران اور اسلامی انقلاب کو اپنے اہداف کی راہ میں رکاوٹ سمجھنے والے بین الاقوامی فریق اسلامی جمہوریہ پر دباؤ ڈالنے ، پابندیاں لگانے اور اپنے نظریات مسلط کرنے سے باز نہ آتے۔
محمد جواد ظریف نے مزید کہا کہ اس کے معنی یہ نہیں ہیں کہ جو طاقتیں ہمیشہ انقلاب اسلامی اور ایران کو اپنے اہداف کی راہ میں رکاوٹ جانتی ہیں انہوں نے مخالفت اور دشمنی ختم کردی ہے اور ایران کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے سے دستبردار ہوگئی ہیں یا وہ ایران کے ساتھ تعاون کرنا چاہتی ہیں اور اسی تناظر میں ایران کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتی ہیں۔