لبنان کے لیے ایرانی گاڑیوں کی برآمدات کا آغاز
ایران کی تیار کردہ کاروں اور دوسری گاڑیوں کی پہلی کھیپ لبنان برآمد کردی گئی ہے۔
ایرانی کارساز کمپنی سائپا گروپ کے ڈپٹی ایکسپورٹ مینیجر احمد اسماعیلی نے بتایا ہے کہ مختلف ماڈلوں کی ایک سو ترپن نجی اور ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی پہلی کھیپ بذریعہ سمندری جہاز، لبنان کے لیے روانہ کردی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لبنان کو ایکسپورٹ کی جانے والی گاڑیاں، سائپا، پارس آٹوموبائل، زامیاد اور سائپا ڈیزل گروپ کی تیار کردہ ہیں۔ سائپا گروپ کے ڈپٹی ایکسپورٹ مینیجر کا کہنا تھا کہ عراق، جمہوریہ آذربائیجان، ترکمنستان، الجزائر، مصر اور ونیزویلا کی آٹو موبائل منڈی میں کامیاب موجودگی کے بعد ہم نے اب لبنان کی منڈیوں میں قدم رکھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کمپنی جلد ہی لبنان میں تین مرکزی سیلز آفس اور آفٹرسیل سروس کا نیٹ ورک قائم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کے فاضل پرزہ جات کی وافر مقدار جلد ہی لبنان روانہ کردی جائے گی تاکہ ضرورت پڑنے پر کسٹمرز کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
قابل ذکر ہے کہ لبنان میں یورپ اور امریکہ کی مشہور کارساز کمپنیوں کی شدید کاروباری رقابت کے باجود ایران کی کارساز کمپنی سائپا اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔