Jul ۰۱, ۲۰۱۶ ۱۵:۱۶ Asia/Tehran
  • ایران کے آٹھ سو پچاس شہروں میں عالمی یوم القدس کی ریلیاں

ایران کے عوام نے عالمی یوم القدس کے جلوسوں میں بھرپور شرکت کر کے مردہ باد اسرائیل اور مردہ باد امریکہ کے نعرے لگائے اور ظالم طاقتوں سے اپنی نفرت و بیزاری کا اعلان کیا۔

ہمارے نمائندوں کے مطابق دارالحکومت تہران کے ساتھ ساتھ ملک کے آٹھ سو پچاس چھوٹے بڑے شہروں میں عالمی یوم القدس کی مرکزی ریلیاں نکالی گئیں جن میں کروڑوں کی تعداد میں روزے دار مسلمانوں نے شرکت کی اور قبلہ اول مسجد الاقصی اور سرزمین فلسطین کی آزادی کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

مشہد المقدس میں عالمی یوم القدس کے موقع پر نکالی جانے والی ریلیوں کے شرکاء نے اہم چوراہوں سے بارگاہ رضوی کی جانب مارچ کیا اور مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

قم المقدسہ میں عالمی یوم القدس کی ریلیاں بارگاہ حضرت معصومہ (س) پہنچ کرختم ہوئیں جن میں لاکھوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے کہ جن پر امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے درج تھے۔

اصفہان، شیراز، ہمدان، اردبیل، تبریز، زاہدان، کرمان، یزد اور کرمانشاہ سمیت ایران کے آٹھ سو پچاس چھوٹے بڑے شہروں کے عوام نے بھی آج اسلامی جہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی(رح) کے فرمان اور فلسطینیوں کی صدائے مظلومیت پر لبیک کہتے ہوئے عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں شرکت کی اور غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں مسجد الاقصی کے دفاع اور فلسطینیوں کی حمایت کے عزم کا اعلان کیا۔

ٹیگس