بغداد کے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران کے پارلیمانی اسپیکر نے بغداد کے حالیہ دھماکوں کو دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کی عاجزی اور لاچاری کی علامت قرار دیا ہے۔
اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے اپنے عراقی ہم منصب سلیم الجبوری کے نام تعزیتی پیغام میں بغداد کے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انھوں نے اس پیغام میں عراقی قوم، حکومت اور پارلیمنٹ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یقینا یہ دہشت گردانہ اقدام فلوجہ کی فیصلہ کن جنگ میں عراقی قوم اور حکومت کی بڑی کامیابی پر دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کا ردعمل ہے جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دہشت گرد اور ان کے حامی عراقی قوم کے مقابلے میں بے دست و پا ہو چکے ہیں۔
ایران کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردوں کی مکمل شکست تک عراقی حکومت اور قوم کے ساتھ رہے گا اور وہ، اپنے پڑوسی ملک عراق میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لئے ہر طرح کے تعاون اور حمایت کے لئے تیار ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بغداد کے مرکزی علاقے کرادہ اور شمالی علاقے الشعب میں اتوار کے دہشت گردانہ حملوں میں دو سو تیرہ افراد جاں بحق اور دو سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔