Dec ۰۳, ۲۰۲۵ ۱۴:۱۲ Asia/Tehran
  • پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تیل و گیس کی تلاش سے متعلق 5 سمجھوتے

پاکستان اور ترکیہ نے تیل و گیس کی تلاش کے لئے 5 مفاہمتی یادداشتوں اور تفویضِ حقوق کی دستاویزات پر دستخط کردیئے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور ترکیہ نے تیل و گیس کی تلاش کے لیے 5 مفاہمتی یادداشتیں اور تفویضِ حقوق کی دستاویزات پر دستخط کیے اور معدنیات اور توانائی کے شعبے میں شراکت داری کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان دستاویزات پر ترک وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائرقدار کی سربراہی میں آنے والے وفد کے دورۂ پاکستان کے دوران دستخط کیے گئے۔

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق الپ ارسلان بائرقدار نے وزیرِ اعظم شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیرِ توانائی اویس لغاری سے بھی ملاقات کی۔

ترک وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائرقدار

 

شہباز شریف نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان پیٹرولیم کی تلاش کے شعبے میں مفاہمتی یادداشتوں اور دستاویزات پر دستخط  کئے جانے کی تقریب میں شرکت کی۔

پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم پر اطمینان کا اظہار کیا۔

پاکستان کے سرکاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی، پیٹرولیم اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ترک پیٹرولیم نے پاکستان میں آف شور اور آن شور دونوں طرح کی تلاش کی سرگرمیوں میں شمولیت اختیار کی ہے، جو دوطرفہ توانائی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok

پاکستان کے وزیرِ اعظم نے ترک کمپنیوں کو پاکستان کی توانائی مارکیٹ میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت بھی دی اور خطے اور عالمی حالات کی تیز رفتار تبدیلی کے پیشِ نظر دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

ترک وزیرِ توانائی الپ ارسلان بائرقدار نے میزبانوں کو بتایا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ تیل و گیس کی تلاش، توانائی انفراسٹرکچر اور معدنیات کے شعبے میں مزید منصوبے شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

 

ٹیگس