Jul ۰۷, ۲۰۱۶ ۰۷:۴۱ Asia/Tehran
  • مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں ایران اور چین کی تاکید

ایران اور چین کے وزرائے خارجہ نے بدھ کے روز ایٹمی معاہدے پر علمدرآمد کے لئے باہمی تعاون جاری رکھنے پر زور دیا ہے-

شین ہوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق چین کے وزیر خارجہ "وانگ یی" نے اپنے ایرانی ہم منصب "محمد جواد ظریف" کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں، مشترکہ جامع ایکشن پلان سے موسوم ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کے لئے باہمی تعاون جاری رکھنے پر تاکید کی ہے- وانگ یی نے اسی طرح رواں سال جنوری کے مہینے میں چینی صدر "شی جین پینگ" کے دورہ ایران کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریق نے معاہدے پر عملدر آمد کے سلسلے میں مثبت پیشرفت کی ہے- چین کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ تمام متعلقہ فریق ، اپنی ذمہ داریوں اور فرائض پر عمل کریں گے اور فریق مقابل کے اعتماد میں اضافہ کریں گے اور اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر بائیس اکتیس اور اسی طرح اراک کے بھاری پانی سے متعلق سمجھوتے پر بھی عمل کریں گے-

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے بھی اس ٹیلیفونی گفتگو میں اراک کے ری ایکٹر کی دوبارہ ڈیزائننگ میں مدد کے لئے چین کی جانب سے انجام پانے والی کوششوں کو سراہا- جواد ظریف نے کہا کہ ایٹمی سمجھوتے پر ٹھوس عملدرآمد کی غرض سے ایران چین کے ساتھ تعاون کرے گا-

ٹیگس