ایران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیشقدم: وزیر انصاف
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انصاف نے کہا ہے کہ ایران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیشقدم ہے
ایران کے وزیر انصاف مصطفی پور محمدی نے اتوار کو ایران میں انڈونیشیا کے نئے سفیر علیم الدین سے ملاقات میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نظریاتی اورعملی لحاظ سے دہشت گردی کے خلاف پوری سچائی سے جد وجہد کر رہا ہے اور آگے آگے ہے-
مصطفی پورمحمدی نے مزید کہا کہ انڈونیشیا، عالم اسلام میں خاص پوزیشن اور مقام کی بنا پر اسلامی جمہوریہ ایران کی نظر میں کافی اہمیت رکھتا ہے اور خوش قسمتی سے ماضی میں بھی دونوں ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات رہے ہیں-
ایران کے وزیر انصاف نے پیچیدہ بین الاقوامی حالات ، علاقے میں رونما ہونے والے واقعات اور اسلام و مسلمین کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈوں کے بارے میں کہا کہ پرتشدد دہشت گردانہ واقعات خود مغربی ممالک نے پیدا کئے ہیں اور انھوں نے اسلامی ممالک کو بدترین حالات سے دوچار کر دیا ہے-
مصطفی پور محمدی نے کہا کہ مغربی ممالک نے مسلمانوں کے خلاف نفسیاتی لحاظ سے نہایت تکلیف دہ ماحول پیدا کر دیا ہے اور اس بزدلانہ اقدام کے مقابلے میں مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے ممالک ، تہذیب و ثقافت اور اسلام کا دفاع کریں-
اس موقع پرعلیم الدین نے کہا کہ تہران میں انڈونیشیا کے نئے سفیر کی حیثیت سے ایران اورانڈونیشیا کے اقتصادی تعلقات میں فروغ ان کی اولین ترجیح ہے-