بحرین کے موجودہ حالات پر ایرانی وزیر خارجہ کی تشویش
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے بحرین کی موجودہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے
ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے منگل کی رات ٹوئٹر پربحرین کے بزرگ مذہبی پیشوا آیت اللہ عیسی قاسم کے گھرپرآل خلیفہ کے سیکورٹی اہلکاروں کی یلغار پر شدید ردعمل ظاہر کیا -
جواد ظریف نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ علاقے میں ایک دوسرا المیہ رونما ہونے سے روکنے کے لئے بین الاقوامی برادری اور ممالک کا حرکت میں آنا ضروری ہے-
الحیدریہ کے علاقے میں دھرنے پر بیٹھے ہوئے لوگوں پرمنگل کی رات بحرینی سیکورٹی اہلکاروں کے حملے کے بعد ہزاروں بحرینی، سڑکوں پر نکل آئے اور الدراز کے علاقے میں آیت اللہ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے جمع ہوکران کی حمایت میں نعرے لگانے لگے-
بعض ذرائع نے آیت اللہ عیسی قاسم کے گھر پر بھی سیکورٹی اہلکاروں کے حملے کی خبر دی ہے -
آیت اللہ عیسی قاسم بحرین کی انقلابی تحریک میں نمایاں کردار کے حامل ہیں اور اسی بنا پر آل خلیفہ حکومت نے ان کی شہریت سلب کرلی ہے-
بحرینی عوام ایک ماہ پہلے آیت اللہ عیسی قاسم کی شہریت سلب کئے جانے کے بعد سے ہی مسلسل ان کی شہریت سلب کئے جانے کے آل خلیفہ حکومت کے فیصلے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں-