علاقے کے ممالک میں مداخلت کا دعوی بے بنیاد ہے: ایران
عرایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ تہران ، عرب ممالک کے امور میں مداخلت کرتا ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے منگل کو علاقے کے ممالک میں ایران کی مداخلت کے دعوے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے عالم اسلام کو ہمیشہ علاقے اور دنیا کے حالات کو سمجھنے کی دعوت دی ہے اورعلاقے کے ممالک کو صیہونی حکومت کی جارحیتوں، دہشت گردی اور انتہاپسندی کوروکنے جیسے مشترکہ خطرات کے بارے میں خبردار کیا ہے-
وزارت خارجہ کے ترجمان قاسمی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ علاقے کے بعض ممالک میں جاری بحرانوں کوصرف متصادم گروہوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ اشتراک عمل، گفتگو اور سیاسی طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے اور کسی بھی ملک کو علاقے کے ممالک میں مداخلت کا حق نہیں ہے-
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ بدنیت اوراسلاموفوبیا پھیلانے والے ، مسلم امہ بالخصوص شیعوں اور سنیوں کے درمیان مذہبی اور فرقہ وارانہ اختلاف اور تشدد شروع کرانا اور اسے جاری رکھنا چاہتے ہیں تاکہ اسلامی ممالک کو ان مسائل میں الجھا کر تکفیری دہشت گرد گروہوں کے لئے فرار کا راستہ ہموار کیا جائے-
بہرام قاسمی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لئے عالم اسلام کے درمیان زیادہ سے زیادہ اتحاد و یکجہتی کا خواہاں ہے کہا عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل کو چاہئے کہ وہ علاقے کے حالات کے پیش نظرعالم اسلام میں زیادہ سے زیادہ یکجہتی پیدا کرنے کی کوشش کریں -
قابل ذکر ہے کہ عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیظ نے روزنامہ الشرق الاوسط کو انٹرویو دیتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ ایران ، عرب ممالک کے داخلی امور میں مداخلت کرتا ہے-