Jul ۲۵, ۲۰۱۶ ۰۸:۱۳ Asia/Tehran
  • ڈاکٹر حسن روحانی: مشہد کو عالم اسلام میں بہتر سے بہتر طریقے سے متعارف کرایا جائے۔
    ڈاکٹر حسن روحانی: مشہد کو عالم اسلام میں بہتر سے بہتر طریقے سے متعارف کرایا جائے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے مقدس شہر مشہد کو عالم اسلام میں زیادہ سے زیادہ بہتر طریقے سے متعارف کرانے پر زور دیا ہے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کے روز کابینہ کے اجلاس میں مشہد مقدس کے دو ہزار سترہ میں عالم اسلام کے ثقافتی دارالحکومت کی حیثیت سے انتخاب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وزیر فرہنگ و ارشاد اسلامی، دیگر وزراء اور ایران کے گورنروں کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ اس انتخاب کو اس اہم شہر کی زیادہ خدمت کرنے، عالم اسلام میں اس کو بہتر سے بہتر متعارف کرانے اور معنوی و روحانی سیاحت میں اعلی مقام رکھنے والے اس شہر کو زیادہ بہتر اور خوبصورت بنانے کے محرک میں تبدیل ہونا چاہیے۔

صدر مملکت نے اس اجلاس میں ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ادارے کو ہدایت کی کہ وہ تمام ملکی اور غیرملکی زبانوں کے چینلوں کو مقدس شہر مشہد کو زیادہ سے زیادہ متعارف کرانے کے لیے استعمال کرے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے اسی طرح بعض ملکوں میں اسلام کے نام پر قتل اور دہشت کی فضا پیدا کرنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس موقع سے اسلامی تمدن، عرفان اور ثقافت کو دنیا میں متعارف کرانے اور اسلامی اعتدال کو بیان کرنے کے لیے فائدہ اٹھایا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسلامی ملکوں کے تعلیمی، علمی اور ثقافتی ادارے آئسیسکو (ISESCO)ایران کے مقدس شہر مشہد کو دو ہزار سترہ میں عالم اسلام کے ثقافتی دارالحکومت کے طور پر منتخب کیا ہے۔

ٹیگس