منشیات کے خاتمے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی تعاون بڑھانا ضروری ہے۔ صدر حسن روحانی
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
پیر کے روز انسداد منشیات کے حوالے سے ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر ایران نے کہا کہ منشیات سے پاک معاشرے کا قیام ایک ہمہ گیر قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ منشیات کی ترسیل اور نقل و حمل کے خلاف ٹھوس اور موثر اقدامات کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر انٹیلی جنس اور آپریشنل تعاون میں اضافہ ناگزیر ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ عالمی تجربات کی روشنی میں صنعتی اور کیمیائی سطح پر منشیات کی پیداوار اور اس میں استمعال ہونے والے آلات کی ترسیل کو خاص طور پر کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے کسٹم کو جدید فنی آلات سے لیس کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
قابل ذکر ہے کہ انسداد منشیات سے متعلق اس اجلاس میں طے پایا ہے کہ منشیات کے اسمگلروں کے مقابلے کے لیے اینٹی نارکو ٹیکس پولیس کی صلاحیتوں میں اضافے کے منصوبے کو دوماہ کے اندر اندرعملی جامہ پہنایا جائے گا۔