ایران کے حج کوٹے کی واگذاری پر ارکان پارلیمنٹ کا سخت انتباہ
ایران کے ارکان پارلیمنٹ نے سعودی عرب کی جانب سے ایران کے حج کوٹے کو دیگر ملکوں میں تقسیم کیے جانے کے فیصلے پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
ارکان پارلیمنٹ نے وزارت خارجہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے پر فوری اقدام کرے اور سعودی عرب کو ایران کا حج کوٹہ واگذار کرنے کی اجازت نہ دے۔
ارکان پارلیمنٹ نے اس معاملے کو اسلامی تعاون تنطیم اور دیگر عالمی اداروں میں اٹھانے کی بھی اپیل کی ہے۔اصفہان سے رکن پارلیمنٹ حمید رضا فولاد گر نے سعودی عرب کی جانب سے ایران کا حج کوٹہ پاکستان کو دیئے جانے کے فیصلے پرکڑی نکتہ چینی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے تناسب سے حج کا کوٹہ صرف اسلامی تعاون تنطیم کے ذریعے ہی مقرر کیا جاسکتا ہے۔
کرمانشاہ سے رکن پارلیمنٹ سید قاسم جاسمی نے ایران کے جح کوٹے کی دیگر ملکوں میں تقسیم کو مروجہ عالمی اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے حج کوٹے کو دیگر ملکوں میں تقسیم کرنا ایرانی مسلمانوں کے ساتھ خیانت ہے اور وزارت خارجہ اور محکمہ حج و زیارت کو اس کی اجازت نہیں دینا چاہیے۔
بوکان سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ نے بھی یہ بات زور دیکر کہی کہ سعودی عرب کو حج کوٹے کے بارے میں من مانی کا اختیار حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل سعود حکومت اپنے اقتدار کی بقا کے لیے کسی بھی اقدام سے گریزاں نہیں ہے لہذا اس نے مسلمانوں کے مفادات کو داؤ پر لگا دیا ہے اور اسلامی قوانین اور ضابطوں کو پامال کررہی ہے۔