Jul ۳۰, ۲۰۱۶ ۲۱:۰۱ Asia/Tehran
  • آئی اے ای اے، ایران کی ایٹمی معلومات کی لیکیج کی ذمہ داری قبول کرے، ایران

قومی سلامتی اور امور خارجہ کے پارلیمانی کمیشن کے سربراہ سید علاءالدین بروجردی نے آئی اے ای اے کو ایران کی ایٹمی معلومات کی لیکیج کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

آئی آرآئی بی نیوزایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے سید علاءالدین بروجردی کا کہنا تھا لیک ہونے کا مطلب یہ ہے کہ ایران کی ایٹمی معلومات کے، آئی اے ای اے کے ریکارڈ سے چوری ہونے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیک ہونے والی معلومات باضابطہ طور پر صرف آئی اے ای اے کو فراہم کی گئی تھیں۔ قومی سلامتی اور امور خارجہ کے پارلیمانی کمیشن کے سربراہ نے یہ بات زور دیکر کہی کہ آئی اے ای اے کو ایران کی ایٹمی معلومات کی لیکیج کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ادارے کے ارکان اور ایرانی رائے عامہ کے سامنے جوابدہ ہونا چاہئے۔

آئی اے ای اے نے جمعے کے روز اس بات کی تردید کی ہے کہ ایران کی جانب سے ایڈیشنل پروٹوکول پرعمل درآمد سے متعلق اعلامیہ میں درج معلومات، ادارے کے اندر سے لیک ہوئی ہیں۔

قبل ازیں ایران کے ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے ترجمان بہروز کمالوندی نے کہا تھا کہ امریکی خبررساں ایجنسی ایسو شی ایٹڈ پریس نے حال ہی میں ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں ایران میں طویل المدت افزودگی اور ایٹمی پروگرام کی ترقی کے بارے میں وہ معلومات شامل ہیں جو ایران نے صرف آئی اے ای اے کو فراہم کی تھیں۔

ایٹمی معلومات کی لیکیج کے بارے میں ایران کا احتجاجی مراسلہ گذشتہ ہفتے پیر کے روز ویانا میں آئی اے ای اے کے سپرد کیا گیا تھا۔

 

ٹیگس