عالمی سامراج کی ناکامی ایمان کی طاقت کے بغیر ممکن نہیں: رہبر انقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ملک کی وزارت انٹیلی جینس کو اسلامی نظام کا اہم و حساس مورچہ اور بیدار چشم بینا قرار دیا ہے۔
منگل کے روز وزیر انٹیلی جینس اور وزارت انٹیلی جینس کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ ایک ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی نے اس بات پر زور دیا کہ وزارت انٹیلی جینس کو ہر حال میں اسلامی انقلاب کی اساس اور جہتوں کو مکمل طریقے سے محفوظ رکھنا چاہیے۔ آپ نے فرمایا کہ وزارت انٹیلی جینس ایران کی مضبوط فصیل ہے اور اس میں کوئی دراڑ نہیں پڑنی چاہیے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے وزارت اطلاعات میں معنوی اور ایمانی قدروں کی تقویب پر بھی زور دیا۔ آپ نے فرمایا کہ روز اول سے اسلامی انقلاب کے خلاف کی جانے والی سازشوں کے باوجود ، ایران کے مقابلے میں عالمی سامراج کی ناکامی ایمان کی طاقت کے بغیر ممکن نہیں تھی۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ عالمی سامراج یعنی امریکہ سے دوری بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) کا بنیادی اصول ہے اور اس سے لاپراہی برتنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ملک کے انیٹیلی جینس اداروں کو ہراس جگہ موجود ہونا چاہیے جہاں سے دشمن گھات لگا سکتا ہے اور ایران کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتا ہے۔