لبنان کے خلاف اسرائیلی جرائم؛ اسپیکر پارلیمنٹ نے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا
لبنانی پارلمینٹ کے اسپیکر نے لبنان کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم جاری رہنے کے سبب، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا فوری اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے-
سحرنیوز/عالم اسلام: لبنان کی پارلیمنٹ کےاسپیکر نبیہ بری نے کہا ہے کہ صیہونی دشمن عام شہریوں، بچوں اور طلبا وغیرہ کو اپنے مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے-
انہوں نے کہا کہ لبنان ، سلامتی کونسل میں اپنی شکایات کا سلسلہ جاری رکھے گا اور کونسل کو بھی اسرائیل کی جارحیت کی مذمت کے لیے کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانا چاہئے-
دوسری جانب لبنان کی وزرات صحت نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان کے شہر صیدا میں واقع عین الحلوۃ کیمپ پر صیہونی فوج کے ڈرون حملےمیں تیرہ افراد شہید اور چار دیگر زخمی ہوگئے
اس رپورٹ کےمطابق گذشتہ رات کے اس حملےمیں ایک گاڑی کو کیمپ میں نشانہ بنایا گیا جو تباہ ہوگئی- بعض خبری ذرائع کا کہنا ہے اس کارروائی کا مقصد فلسطین کی تحریک فتح کے سینئر رہنما منیر القدیح کو نشانہ بناناتھا-
عین الحلوہ کیمپ، لبنان میں پناہ گزینوں کی بارہ پناہ گاہوں میں سے ایک سب سے بڑی پناہ گاہ ہےکہ جس میں تقریبا اسّی ہزار دو سو پچاس فلسطینی گذر بسر کر رہے ہیں-
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نےایک بیان میں عین الحلوہ پر صیہونی حکومت کےجارحانہ حملوں کو فلسطین کے نہتے اور مظلوم عوام کے خلاف وحشیانہ جارحیت اور لبنان کی ارضی سالمیت کی خلاف وزری قرار دیاہے-
ایک اور خبر کےمطابق جارح صیہونی فوج نے آج صبح بھی جنوبی لبنان کے بنت جبیل علاقے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا کہ جس کےنتیجے میں متعدد طلبا جو گاڑی میں یا اس کے اطراف میں موجود تھے شدید زخمی ہوگئے-