Nov ۰۴, ۲۰۲۵ ۱۷:۱۹ Asia/Tehran
  • رہبر انقلاب اسلامی کے خطاب کا عالمی اور علاقائی ذرائع ابلاغ میں وسیع انعکاس

اسلامی جمہوریہ ایران میں چار نومبر عالمی استکبار کے خلاف جدوجہد کے دن کی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی کے گزشتہ روز کے خطاب کا عالمی اور علاقائی ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پر انعکاس ہوا ہے۔

سحرنیوز/ایران: رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے ایران میں عالمی سامراج کے خلاف جد وجہد کے قومی دن چار نومبر کی آمد کی مناسبت سے گزشتہ روز ہزاروں طلبا اور حالیہ بارہ روزہ مسلط کردہ جنگ کے شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات میں ایرانی قوم کے ساتھ امریکہ کی سابقہ دشمنی کی تاریخ بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ صرف اسی صورت میں امریکہ کی ایران کے ساتھ تعاون کی درخواست پر غور کیا جا سکتاہے جب امریکہ صیہونی حکومت کی مکمل حمایت ختم کرے، اپنے تمام فوجی اڈے خطے سے ہٹا لے اور علاقائی امور میں مداخلت بند کردے۔

آپ نے فرمایا کہ ایران اور امریکہ کے مابین اختلافات ٹیکٹکی نہیں بلکہ اصولی اور ماہیتی بنیادوں پر ہیں۔

سعودی چینل الحدث نے رہبر انقلاب اسلامی کے خطاب کو منعکس کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے رہبر نے اس بات پر تاکید کی ہے کہ امریکہ صرف یہ چاہتا ہے ایران اس کے سامنے ہتھیار ڈال دے اور تمام سابق امریکی صدور بھی اس مقصد کو حاصل کرنے کے درپے رہے ہیں۔

صدی البلد نیوز ویب سائٹ نے بھی ایران کے سپریم لیڈر کے خطاب کا احاطہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی نے اس بات پر زور دیا کہ جب تک یہ ملک صیہونی حکومت کی حمایت کرتا رہے گا تب تک تہران اور امریکہ کے درمیان تعاون ممکن نہیں ہو گا۔

سعودی اخبار "الشرق الاوسط" نے بھی سپریم لیڈر کے خطاب کے حوالے سے لکھا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی ایران نے امریکیوں کے ساتھ سازباز کے دروازے بند کر دیے ہیں اور اس کی تین وجوہات بتائی ہیں۔

عراق کے السومریہ ٹی وی چینل نے بھی رہبر انقلاب کے خطاب کومنعکس کرتے ہوئے کہا کہ جب تک امریکہ اپنی پالیسیوں میں تبدیلی نہیں کرتا ہم اس کے ساتھ تعاون نہیں کریں گے۔

دریں اثنا متحدہ عرب امارات کے اسکائی نیوز عربی چینل نے سپریم لیڈر کے خطاب کے حوالے سے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تعاون اس وقت تک ممکن نہیں ہوگا جب تک کہ وہ صیہونی حکومت کی حمایت کرتا رہے گا۔

المیادین ٹی وی نے بھی رہبر انقلاب کے خطاب کی کوریج کرتے ہوئے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی ایران نے تاکید کی ہے کہ اگر امریکہ خطے سے نکل جائے اور صیہونی حکومت کی حمایت بند کردے تو اس کے ساتھ تعاون ممکن ہوگا۔

الزمان نیوز ویب سائٹ نے بھی امریکہ کے ساتھ تعاون کے لیے سپریم لیڈر کی پیشگی شرائط کے بارے میں لکھا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی ایران نے اس بات پر زور دیا ہے کہ جب تک یہ ملک صیہونی حکومت کی حمایت بند نہیں کرتا اور خطے سے انخلا نہیں کرتا، وہ امریکہ کے ساتھ تعاون کو قبول نہیں کریں گے۔

ٹیگس