Nov ۱۹, ۲۰۲۵ ۲۱:۵۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: چِلی کی سابق صدر کو اندرا گاندھی امن، تخفیف اسلحہ و ترقی ایوارڈ

چِلی کی سابق صدر مشیل باچلیٹ کو سال 2024 کے لئے آج دہلی میں کانگریس رہنما سونیا گاندھی کے ہاتھوں "اندراگاندھی امن، تخفیف اسلحہ و ترقی ایوارڈ" سے نوازا گیا۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق دہلی کے جواہر بھون میں منعقدہ ایک پر وقار تقریب میں کانگریس پارٹی کی رہنما اور اندرا گاندھی میموریل ٹرسٹ کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے چِلی کی سابق اور واحد خاتون صدر مشیل باچلیٹ کو "اندراگاندھی امن، تخفیف اسلحہ و ترقی ایوارڈ" پیش کیا۔

اس موقع پر سونیا گاندھی نے ہندوستان کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے ساتھ ساتھ مشیل باچلیٹ کے نمایاں کارناموں پر بھی روشنی ڈالی۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ "باچلیٹ نے ابتدائی زندگی میں ظلم، جبر، تشدد اور جلاوطنی کا سامنا کیا۔ یہ قابل ذکر ہے کہ دونوں خواتین (باچلیٹ اور اندرا) ایسے دور میں پروان چڑھیں جب ان کے ممالک انتشار کا شکار تھے۔"

سونیا گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ "اندرا گاندھی امن، تخفیف اسلحہ و ترقی ایوارڈ" 1985 میں اُن کی یاد میں قائم کیا گیا تھا، جو اپنے دور کی انتہائی غیر معمولی خاتون لیڈران میں شمار ہوتی تھیں۔ یہ ایوارڈ اُن خواتین و حضرات اور اداروں کی خدمات کو حوصلہ بخشتا ہے جو سماجی ترقی، امن، استحکام اور دیگر بے شمار مقاصد کے لئے کام کرتے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ "یہ ایوارڈ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ تنازعات کے زمانے میں بھی ایسے لوگ موجود ہوتے ہیں جو ترقی، انصاف اور بنی نوع انسان کی فلاح کے لئے جدوجہد کرتے ہیں۔"

قابل ذکر ہے کہ مشیل باچلیٹ چِلی کی دو بار صدر رہ چکی ہیں، ایک بار 2006 سے 2010 تک اور دوسری بار 2014 سے 2018 تک۔ علاوہ ازیں وہ اقوام متحدہ کی سابق سربراہ برائے انسانی حقوق بھی رہی ہیں۔

 

ٹیگس