وزارت انٹلی جنس نے دہشت گردوں کا سانس لینا بھی دشوار کردیا ہے: ایران کے وزیر انٹیلی جنس
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انٹیلی جنس نے کہا ہے کہ وزارت انٹیلی جنس اور عوام پولیس اور فوج کے درمیان تعاون کے باعث، دہشت گردوں میں کوئی قدم اٹھانے کی جرات نہیں ہے-
ایران کی وزارت انٹیلی جنس کے وزیر سید محمود علوی نے ہفتۂ حکومت کے آغاز کی مناسبت سے ایک ٹی وی پروگرام میں، گذشتہ چار برسوں میں حکومت کی جانب سے انجام پانے والے اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے امن و سلامتی کے حوالے سے بہت اہم قدم اٹھائے ہیں- محمود علوی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ دشمن، اسلامی جمہوریہ ایران کو نقصان پہنچانے کے لئے اپنی تمام ترتوانائیاں بروئے کار لا رہا ہے تاہم وزارات انٹیلی جنس کی ہوشیاری اور امن و امان کی برقراری میں بااثر اداروں کے تعاون نے دشمن کو ناکام بنا دیا ہے اور دہشت گردوں پر انٹیلی جنس کی پوری نظر ہے اور ان کا پیچھا کرکے ان کے خلاف ضروری اقدامات بھی کیے گئے ہیں-
ایران کے وزیر اانٹیلی جنس نے اسی طرح اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ وزارت انٹیلی جنس نے دہشت گردوں کا سانس لینا بھی دشوار کردیا ہے کہا کہ وزارت انٹلی جنس نے مختلف مواقع پر دہشت گردوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ ایران میں دہشت گردانہ اقدام کو ذہن سے نکال دیں-
محمود علوی نے مغربی ایران میں دہشت گرد گروہوں کے خلاف وزارت انٹیلی جنس اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی کارروائیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں مغربی ایران میں منافقین کے ایک گروپ کے خلاف کاروائی کی گئی۔ یہ گروپ ایک سرنگ کھودنے اور مشرقی ایران کے فوجی اڈوں میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا تھا-
وزیر انٹیلی جنس نے مغربی ایران میں دہشت گرد گروہوں کے خلاف انجام پانے والی کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں میں داعش کا ایک کمانڈر ہلاک ہوگیا اور تین دیگر دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا-