صدر اور کابینہ کے ارکان کی رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امور مملکت کو بہترین طریقے سے چلانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ہفتہ حکومت کے موقع پر بدھ کے روز صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور ان کی کابینہ کے ارکان نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ہفتہ حکومت کو، اب تک انجام پانے والے کاموں سے قوم کو آگاہ کرنے کا بہترین موقع قرار دیا۔ آپ نے حکومت کی کاوشوں کی قدر دانی کرتے ہوئے فرمایا کہ مسائل و مشکلات کے تنوع اور عوامی توقعات کے تناظر میں مملکت کے امور چلانا انتہائی دشوار کام ہے۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ملک کے شہید صدر محمد علی رجائی اور شہید وزیراعظم محمدجواد باہنر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں خلوص، لگن اور عوامی جہدوجہد کا عملی نمونہ قرار دیا۔ انہوں نے حکومتی ارکان کو ہدایت کی کہ وہ بھرپور منصوبہ بندی کے ساتھ باقی ماندہ کاموں کی انجام دہی کے لئے پوری توانائیاں بروئے کار لائیں۔ ایران میں ہر سال تئیس اگست سے ہفتہ حکومت منایا جاتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اگست سن انیس سو اکیاسی میں ایران کی وزارت عظمی کے دفتر میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے میں اس وقت کے صدر محمد علی رجائی اور وزیراعظم محمد جواد باہنر، شہید ہو گئے تھے۔ دہشت گردی کے اس واقعے کی ذمہ داری، امریکہ کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ ایم کے او نے قبول کی تھی۔
(تفصیلی خبر بعد میں پڑھ سکیں گے)