Aug ۲۸, ۲۰۱۶ ۱۷:۵۸ Asia/Tehran
  • جارحیت کی صورت میں دشمن کو سخت جواب دیا جائے گا، رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ دشمن کو یہ جان لینا چاہئے کہ اگر اس نے جارحیت کی تو اس کو منھ توڑ جواب دیا جائے گا۔

رہبرانقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے، جو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں، خاتم الانبیا ایئر ڈیفنس ہیڈکوارٹر کے عہدیداروں اور کمانڈروں سے اپنے خطاب کے دوران ہر قسم کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ایئر ڈیفنس سسٹم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے مقابلے پر موجود محاذ کو ایک خبیث، دھوکے باز اور ایرانی عوام کی خودمختاری کا مخالف محاذ قرار دیا۔  آپ نے فرمایا کہ اس دشمن کے مقابلے میں، جو اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی توانائیوں کو کمزور کرنے کے درپے ہے، مسلح افواج کی توانائیاں اور آمادگی اتنی زیادہ ہونی چاہئے کہ وہ ایران کے خلاف جارحیت کے بارے میں سوچ بھی نہ سکے- آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے انسانی عزم وارادے اور توانائی کو ہر طرح کی مشکلات کو برطرف اور کمزوریوں کو ختم کرنے والا اہم محرک قرار دیا اور فرمایا کہ ایئرڈیفنس ہیڈکوارٹر، اصلی اور اگلے محاذ پر ہے- رہبرانقلاب اسلامی نے اس ممتاز پوزیشن کی قدر کرتے ہوئے فرمایا کہ اپنے مضبوط عزم و ارادے اور ثبات قدم کے ذریعے دشمن کو اس کے جارحانہ عزائم پر نظرثانی کرنے پر مجبور کر دینا چاہئے- آپ نے فرمایا کہ ایرانی عوام اور اسلامی جمہوری نظام سے دشمنی کا مسئلہ دنیا میں رائج دشمنیوں اور عداوتوں سے بڑھ کر ہے- رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ تسلط پسندانہ نظام اور عالمی صیہونیزم جیسا مدمقابل محاذ، ایک خبیث اور دھوکے باز محاذ ہے جس کے افکار ظالمانہ ہیں- آپ نے فرمایا کہ یہ محاذ ایرانی عوام کے دینی عقائد، ان کی خود مختاری اور زور و زبردستی قبول نہ کرنے والے ان کے اصول کا دشمن ہے- آپ نے استکباری محاذ کی طرف سے مختلف شکلوں میں دشمنیوں کے اظہار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ دشمنی کبھی امریکہ کی شکل میں ظاہر ہوتی ہے تو کبھی صدام جیسی ظالم حکومت کی صورت میں سامنے آتی ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ ایران، اپنی لامحدود توانائیوں اور وسائل سے استفادہ اور دشمن کے منصوبوں اور اس کی پوزیشن کی مکمل شناخت کر کے صحیح موقف اور درست فیصلہ کر کے اس پر عمل کرے- رہبرانقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے ایس تھری ہنڈریڈ میزائل سسٹم اور یا فردو کی ایٹمی تنصیبات کے بارے میں مخالفت اور ہنگامہ آرائیوں کو ایرانی عوام کے دشمنوں کی خباثت کا ایک اور نمونہ قرار دیا اور فرمایا کہ ایس تھری ہنڈریڈ میزائل سسٹم، ایک دفاعی سسٹم ہے لیکن اس کے باوجود امریکیوں نے پوری کوشش کر ڈالی کہ اسلامی جمہوریہ ایران تک یہ سسٹم نہ پہنچ سکے-  

ٹیگس