سعودی عرب کو الزامات لگانے کے بجائے اپنی اصلاح کے بارے میں سوچنا چاہیے: ایران
-
وزارت خارجہ کے ترجمان، بہرام قاسمی
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران کے خلاف سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے حالیہ الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر ہے کہ سعودی عرب الزامات لگانے اور بے بنیاد اور کمزور دعووں کو دہرانے کے بجائے اپنی روش کی اصلاح کے بارے میں سوچے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے بدھ کے روز بیجنگ میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے حالیہ بیان کے بارے میں کہا کہ سعودی عرب کے حکام، کہ جنھوں نے اپنی اسٹریٹیجک غلطیوں کی وجہ سے خود کو یمن، شام اور عراق میں بے گناہ عورتوں اور بچوں کے قتل عام اور دہشت گردی کی خونین دلدل میں پھنسا لیا ہے، بہتر ہے کہ دوسروں کے خلاف بے بنیاد اور کمزور دعوے دہرانے اور الزامات لگانے کے بجائے اپنی روش کی اصلاح کے بارے میں سوچیں۔
انھوں نے کہا کہ پیٹرو ڈالرز کے ذریعے دنیا کے خوفناک ترین دہشت گردانہ اقدامات سے لے کر یمن میں بچوں کے قتل عام تک جیسے واقعات میں ملوث ہونے کی مانند حقائق پر پردہ ڈالنے کے لیے سعودی عرب کی مسلسل کوشش کے باوجود آج دنیا والوں نے بخوبی جان لیا ہے کہ ان تمام واقعات کا سرچشمہ اور جڑ سعودی حکومت اور وہابیت کی جعلی تعلیمات ہیں کہ جو اس ملک کی سیاسی زندگی کی بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے حال ہی میں بیجنگ میں ایک تقریر کے دوران ایران پر علاقے میں عدم استحکام پھیلانے کا الزام لگایا ہے۔